جے یو آئی کی ملک گیر احتجاجی تحریک، متعدد شاہراہیں اور موٹرویز بند، مختلف مقامات پر دھرنے جاری، مولانا فضل الرحمان کا ملک بند کرنے کا اعلان
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کی ملک گیر احتجاجی تحریک کے نتیجے میں ملک کے مختلف شہروں میں اہم شاہراہیں، موٹرویز اور قومی راستے بند کردیے گئے، جبکہ متعدد مقامات پر احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر سرگودھا میں جماعتی کانفرنس کے انعقاد میں مبینہ حکومتی رکاوٹوں، مرکزی قائدین اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور قائد جمعیت کو ہراساں کرنے کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے لاہور سے سرگودھا روانگی کے موقع پر اعلان کیا کہ پورا ملک بند کرنے کی اپیل کردی ہے اور تین صوبوں میں مکمل پہیہ جام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کی اجازت نہیں دی جارہی، قانون اور آئین کی پامالی کی جارہی ہے، جس کا مقابلہ کریں گے۔ مولانا کے قافلے کو لاہور میں پارک ویو سوسائٹی کے مرکزی گیٹ پر روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم بعد ازاں قافلہ حصار سے نکل کر ملتان روڈ پر پہنچ گیا، جہاں کارکنان پیدل اور گاڑیوں کے ہمراہ موجود تھے۔
جے یو آئی کے سینیٹر عطاء الرحمٰن کی قیادت میں اسلام آباد کے کارکنوں نے بھیرہ انٹرچینج کے مقام پر موٹروے بند کرکے دھرنا دے دیا۔ قلات میں مفتی محمد طیب حیدری کی قیادت میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ، لاڑکانہ میں انڈس ہائی وے، شکارپور بائی پاس، کوہستان کے کمیلہ، داسو اور پٹن کے مقامات پر شاہراہ قراقرم بند کردی گئی۔
ڈیرہ اسماعیل خان اور میانوالی کے درمیان چشمہ کے مقام پر سڑک بند، کوئٹہ میں سبی روڈ اور بلیل، نوشہرو فیروز میں سنی پمپ، حب میں بھوانی، سجاول میں نیشنل ہائی وے، جیکب آباد میں سندھ بلوچستان سرحد، زیارت میں پیچی، کوہاٹ میں ڈھوڈہ قچوک، لکی مروت میں گنڈی چوک، چمن میں کوژک، کرک میں امبیری کلہ، بونیر، مانسہرہ، کراچی سپر ہائی وے، ضلع خیبر میں جمرود طورخم شاہراہ اور دروش چترال میں چترال پشاور روڈ بھی احتجاج کے باعث بند کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
کراچی ضلع کیماڑی میں حب ٹول پلازہ کے قریب شاہراہ مفتی محمود پر احتجاج جاری ہے، جہاں کارکنوں نے مریضوں، ایمبولینسوں اور خواتین کے لیے راستہ کھلا رکھا ہے۔ جیکب آباد میں احتجاجی دھرنے کے دوران ایمبولینس کو بھی راستہ فراہم کیا گیا۔
دوسری جانب لاہور پولیس نے ہائیکورٹ میں جواب جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ ہی وہ پولیس کو مطلوب ہیں۔ سی سی پی او لاہور کی جانب سے سرکاری وکیل فرخ لودھی نے عدالت میں جواب جمع کرایا۔
ادھر ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے مولانا فضل الرحمان سمیت جے یو آئی کے 9 رہنماؤں کے سرگودھا میں داخلے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے، جبکہ سرگودھا میں جماعتی کانفرنس کا پنڈال فاطمہ جناح روڈ پر بند کرائے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ملک بھر میں احتجاج کے باعث متعدد اہم شاہراہوں پر ٹریفک معطل، گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جے یو آئی کی جانب سے احتجاجی تحریک جاری رکھنے اور مختلف مقامات پر دھرنوں کو مزید وسعت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔