ایس سی او کانفرنس سے قبل اسلام آباد میں نیا کنونشن و ایکسپو سینٹر تعمیر کرنے کا فیصلہ، 6 سے 7 ماہ میں منصوبہ مکمل کرنے کا ہدف

ایس سی او کانفرنس سے قبل اسلام آباد میں نیا کنونشن و ایکسپو سینٹر تعمیر کرنے کا فیصلہ، 6 سے 7 ماہ میں منصوبہ مکمل کرنے کا ہدف

اسلام آباد: ایس سی او کانفرنس سے قبل اسلام آباد میں نئے کنونشن اور ایکسپو سینٹر کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ موجودہ جناح کنونشن سینٹر کی بھی مکمل تزئین و آرائش کی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کے گراؤنڈ بریکنگ کے موقع پر کہا کہ 6 سے 7 ماہ میں اتنا بڑا کنونشن اور ایکسپو سینٹر تعمیر کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم انہیں اپنی پوری ٹیم پر اعتماد ہے کہ ایس سی او کانفرنس سے قبل منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آج صرف گراؤنڈ بریکنگ نہیں بلکہ ہمارے لیے ایک امتحان کا آغاز بھی ہے، منصوبے کے لیے اگلے دو روز میں مشینری اور دیگر انتظامات متحرک کیے جائیں گے، جبکہ 28 یا 29 نومبر سے تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ نئے کنونشن سینٹر کی چوڑائی 180 فٹ ہوگی اور یہاں بڑی بڑی نمائشوں کے انعقاد کی سہولت میسر ہوگی۔ منصوبے کے دو بڑے حصے ہیں، جن میں نیا کنونشن و ایکسپو سینٹر کی تعمیر اور موجودہ جناح کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش شامل ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ منصوبے کی تعمیر کے لیے 24 گھنٹے کی بنیاد پر روزانہ اہداف مقرر کیے گئے ہیں، کشمیر انٹرچینج کی طرح اس منصوبے کے لیے بھی کاؤنٹ ڈاؤن کلاک لگایا جائے گا اور ہر دوسرے تیسرے روز میڈیا کو تعمیراتی پیش رفت دکھائی جائے گی۔

محسن نقوی نے سی ڈی اے ٹیم اور کنٹریکٹرز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل ان کے ساتھ چیئرمین سی ڈی اے اور پوری ٹیم کا امتحان ہے، تاہم ان شاء اللہ سب مل کر اس بڑے چیلنج کو کامیابی سے مکمل کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں