بلاول بھٹو نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کے مخالف، سیاسی ری سیٹ اور گرینڈ ڈائیلاگ سے نظام کی بحالی، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور انتقامی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ، پیکا ایکٹ سمیت صحافیوں کے مسائل پارلیمان میں اٹھانے کا اعلان

بلاول بھٹو زرداری کا کراچی پریس کلب کا دورہ، اعزازی رکنیت دینے کا اعلان

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی اور جمہوری نظام کی بحالی نئے صوبوں کے قیام سے نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ، گرینڈ ڈائیلاگ اور تمام سیاسی قوتوں کے درمیان اعتماد کی بحالی سے ممکن ہے۔ سیاسی قیدیوں کی رہائی، اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنے اور انتقامی کارروائیاں بند کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ آزادی صحافت کے بغیر جمہوریت مضبوط نہیں ہوسکتی۔ پیکا ایکٹ سمیت صحافیوں کو درپیش قانونی، معاشی اور پیشہ ورانہ مسائل پارلیمان میں اٹھائیں گے۔

کراچی پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک شدید سیاسی، معاشی اور جمہوری بحران سے گزر رہا ہے، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے، لیکن سیاسی قیادت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی تقسیم، نفرت اور اختیارات کی کشمکش میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام خودبخود خراب نہیں ہوا بلکہ اسے خراب کیا گیا ہے، اس لیے اصلاح کے لیے سیاسی اور جمہوری راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ پارلیمان، الیکشن کمیشن، عدلیہ اور میڈیا سمیت تمام قومی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ پیپلز پارٹی پہلے اپنی مرکزی مجلس عاملہ میں اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرے گی، جس کے بعد دیگر سیاسی جماعتوں، حکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن کو شامل کرکے گرینڈ ڈائیلاگ یا آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی کوشش کی جائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی نظام کی بہتری کے لیے سیاسی قیدیوں کی رہائی، مولانا فضل الرحمان اور پاکستان تحریک انصاف سمیت اپوزیشن جماعتوں کا اعتماد بحال کرنا اور سیاسی انتقامی کارروائیاں ختم کرنا ضروری ہے۔ انتخابی اصلاحات بھی ناگزیر ہیں، ماضی میں انتخابی نشان اور مخصوص نشستوں کے معاملات پر ایسے اقدامات ہوئے جن سے اپوزیشن کا اعتماد متاثر ہوا، حکومت کو اپوزیشن کی مخصوص نشستیں واپس دینے پر بغیر پیشگی شرائط کے غور کرنا چاہیے۔

صحافت اور آزادی اظہار کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحافیوں کی اصل طاقت ان کا قلم اور آواز ہے، جو بندوق اور گولی سے زیادہ مؤثر ہے۔ میڈیا معاشرے میں چیک اینڈ بیلنس کا بنیادی ادارہ ہے، اگر میڈیا کمزور ہوگا تو جمہوری نظام بھی مضبوط نہیں رہ سکے گا۔ صحافیوں کو عوامی مسائل اجاگر کرنے پر دباؤ اور مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صحافتی اداروں کا کام جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، صحافی معاشی اور پیشہ ورانہ مسائل سے دوچار ہیں۔ کراچی کے ایک نجی ٹی وی چینل سے پہلے 25 صحافیوں کو فارغ کیا گیا جبکہ اب مزید 25 صحافیوں کی ملازمتیں ختم ہونے کی اطلاعات ہیں، جس سے مجموعی طور پر 50 خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ صحافیوں کے معاشی تحفظ اور ملازمتوں کا تحفظ بھی آزادی صحافت کے لیے ضروری ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کراچی پریس کلب اور میڈیا نمائندوں پر زور دیا کہ وہ آزادی صحافت، صحافیوں کے تحفظ اور قانونی و پیشہ ورانہ مسائل پر اپنی تجاویز مرتب کریں۔ پیکا ایکٹ سمیت ایسے قوانین اور قانونی طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے جن پر صحافتی حلقوں کو تحفظات ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کی تجاویز پارلیمان، قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں اٹھائی جائیں گی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کیا جائے گا۔

نئے صوبوں اور سندھ کی تقسیم سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خواہشات، آئین اور قانون کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، تاہم کسی صوبے کو عوام کی مرضی کے خلاف تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ سندھ اسمبلی اس معاملے پر متعدد قراردادوں کے ذریعے اپنا واضح مؤقف دے چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم محض انتظامی معاملہ نہیں بلکہ اس سے معاشرتی تقسیم، نفرت اور تصادم کو ہوا مل سکتی ہے۔ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈوالہیار اور نواب شاہ سمیت پورے سندھ کے عوام اس کے اثرات سے متاثر ہوں گے۔ سندھ کے عوام نے اپنی شناخت اور صوبائی حیثیت کے لیے طویل جدوجہد کی ہے، پیپلز پارٹی اس تاریخی جدوجہد کو نظرانداز نہیں کرسکتی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی، قانونی اور جمہوری طریقہ اختیار کرنا ہوگا، ریفرنڈم کے نام پر آئین میں موجود طریقہ کار سے ہٹ کر کوئی راستہ اختیار نہیں کیا جا سکتا۔ پنجاب اسمبلی اگر عوامی خواہشات کے مطابق جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی قرارداد منظور کرتی ہے تو پیپلز پارٹی اس کی حمایت کرے گی، کیونکہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام پارٹی منشور کا حصہ ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق کی بھی حمایت کرتے ہیں۔

18ویں آئینی ترمیم، این ایف سی ایوارڈ اور صوبائی وسائل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبوں کو بااختیار بنانے کے لیے 18ویں ترمیم منظور کی گئی تھی، تاہم آج بھی بہت سے اختیارات اور ادارے مکمل طور پر صوبوں کو منتقل نہیں کیے گئے، جبکہ صوبوں کو ان کے جائز مالی وسائل بھی پوری طرح فراہم نہیں کیے جا رہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق سندھ رواں مالی سال وفاقی حکومت کو تقریباً 585 ارب روپے اضافی مالی معاونت فراہم کر رہا ہے، جبکہ قومی سلامتی اور قومی مفادات کے لیے بھی صوبے اپنے وسائل سے تقریباً 260 ارب روپے فراہم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر مالی وسائل میں بھی صوبوں کو ان کا جائز حصہ نہیں مل رہا، جس سے صوبائی ترقیاتی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اگر صوبوں کے وسائل اپنے پاس رکھے گی تو صوبائی حکومتوں سے سڑکوں، اسکولوں اور صحت کے نظام کی بہتری کے بارے میں سوال نہیں کرنا چاہیے۔ صوبوں کو آئینی حقوق اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ عوام کی بنیادی ضروریات پوری کی جاسکیں۔ قدرتی وسائل اور نایاب زمینی معدنیات پر صوبائی حکومتوں کا آئینی اختیار موجود ہے، تاہم بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

کراچی میں اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور امن و امان کی صورتحال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قانون و امن کا مسئلہ سندھ حکومت کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ کچے کے علاقوں اور شمالی سندھ میں اغوا برائے تاوان کے خلاف پولیس اور صوبائی حکومت کی کوششوں سے بہتری آئی ہے، تاہم کراچی سمیت شہری علاقوں میں اسٹریٹ کرائم اب بھی سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، لیکن مہنگائی، غربت اور بے روزگاری جیسے بنیادی معاشی مسائل حل کیے بغیر اسٹریٹ کرائم کے مکمل خاتمے میں مشکلات رہیں گی۔

عمران خان سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ انہیں سیاسی قیدی سمجھتے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ کا المیہ ہے کہ جو بھی وزیراعظم بنتا ہے اسے کسی نہ کسی مرحلے پر جیل جانا پڑتا ہے، اس صورتحال پر غور کرنا چاہیے کہ آیا وزرائے اعظم مجرم ہوتے ہیں یا سیاسی انتقام کا شکار۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو درپیش بعض مشکلات سیاسی مخالفت جبکہ بعض اس کی اپنی سیاسی غلطیوں اور اقدامات کا نتیجہ ہیں۔ وہ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں کسی وزیراعظم کو اقتدار کے بعد جیل نہ جانا پڑے اور سیاسی اختلافات انتقامی کارروائیوں کے بجائے جمہوری انداز میں حل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے ارکان کو آزادانہ طور پر اپنا مؤقف پیش کرنے اور قانون سازی میں حصہ لینے کا حق حاصل ہونا چاہیے، کسی رکن کو یہ خوف نہیں ہونا چاہیے کہ کسی بل پر ووٹ دینے یا تقریر کرنے پر اس کے خلاف نیب کارروائی شروع ہوجائے گی۔ احتساب کا مقصد کرپشن کا خاتمہ ہونا چاہیے، سیاسی انتقام نہیں، جبکہ احتساب سیاست دانوں کے ساتھ بیوروکریسی اور دیگر متعلقہ افراد کا بھی یکساں ہونا چاہیے۔

عدالتی اصلاحات پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسا عدالتی نظام ہونا چاہیے جس پر حکومت، اپوزیشن، وکلا، جج صاحبان اور عوام سب کا اعتماد ہو۔ 26ویں آئینی ترمیم میں مولانا فضل الرحمان کے ذریعے اپوزیشن کی تجاویز شامل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم 27ویں آئینی ترمیم وسیع سیاسی اتفاق رائے کے بجائے عددی اکثریت سے منظور ہوئی۔ مستقبل میں عدالتی اصلاحات کے لیے پی ٹی آئی، دیگر اپوزیشن جماعتوں، وکلا اور عدلیہ سے مشاورت ضروری ہے۔

بلوچستان کی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک سنگین مسئلہ ہے، تاہم معاشی مشکلات، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کو بھی حل کرنا ہوگا۔ ایران اور افغانستان کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹوں نے عوام اور کاروباری طبقے کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔ اگر پی ٹی آئی وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے تو حکومت کو اس سے دوبارہ رابطہ کرنا چاہیے۔ گورنر راج مستقل حل نہیں، سیاسی مذاکرات کے ذریعے صوبے میں منتخب حکومت کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔

دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہیں اعزازی رکنیت دینے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، شازیہ مری، شرجیل انعام میمن، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب، شرمیلا فاروقی، امداد پتافی، جمیل سومرو سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔

کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ نے بلاول بھٹو زرداری کو صحافیوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور آزادی اظہار کے لیے آواز بلند کرتے رہنے کی درخواست کی۔ قائم مقام صدر جاوید مہر اور سیکریٹری اسلم خان نے بلاول بھٹو زرداری کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ جمہوریت، آزادی صحافت اور آزادی اظہار کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

سیکریٹری کراچی پریس کلب اسلم خان نے صحافیوں کے الاٹ شدہ پلاٹس کے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے، لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے معاملات کا جائزہ لینے اور بقایا چالان جلد جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں اضافے، تقریباً 1800 ارکان اور عملے کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی فنڈز، صحافیوں کے علاج اور بچوں کی تعلیم کے لیے مستقل انڈومنٹ فنڈ اور بے روزگار صحافیوں کی معاونت کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی پالیسی بنانے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے صحافیوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور کراچی پریس کلب کے مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت کے متعلقہ وزرا، محکموں کے افسران اور پریس کلب قیادت پر مشتمل خصوصی کمیٹی بنانے کی تجویز دی، جسے تمام معاملات حل کرنے کے لیے باقاعدہ ٹائم فریم دیا جائے۔

تقریب کے اختتام پر کراچی پریس کلب کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے پریس کلب کی دعوت اور صحافیوں سے ملاقات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کی تجاویز اور مسائل کو پارلیمان میں اٹھانے اور ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں