ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کا پولیس اسٹیشن پر خودکش حملہ ناکام، دھماکے سے تھانے کی بیرونی دیوار اور قریبی مسجد کو نقصان
ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ شب فتنہ الخوارج کی جانب سے تھانہ بند کورائی کو گاڑی میں نصب بارودی مواد (وی بی آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
دھماکے کے نتیجے میں پولیس اسٹیشن کی بیرونی دیوار مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ قریبی مسجد کی دیوار اور گیٹ کو بھی نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واقعے کے بعد مقامی شہری بڑی تعداد میں پولیس کی مدد کے لیے موقع پر پہنچ گئے اور پولیس کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
واقعے نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مقامی آبادی اور پولیس متحد ہیں اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔