پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں تاریخی اضافہ، پہلا بوئنگ 787 ڈریم لائنر پاکستان پہنچ گیا
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا پہلا جدید بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارہ پاکستان پہنچ گیا۔ لیز پر حاصل کیا گیا یہ طیارہ لندن سے پرواز پی کے 786 کے طور پر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ پاکستان کی کسی بھی ایئرلائن کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا بوئنگ 787 ڈریم لائنر ہے۔ سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر طیارے کا استقبال کیا۔
جدید ٹیکنالوجی سے لیس بوئنگ 787 ڈریم لائنر میں ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم، کشادہ کیبن اور مسافروں کے لیے آرام دہ سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈریم لائنر کی شمولیت پی آئی اے کے فضائی بیڑے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
پی آئی اے کا مقصد جدید طیاروں کے ذریعے عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنا اور بین الاقوامی روٹس پر مسافروں کے لیے سفر کو مزید آرام دہ بنانا ہے۔