مانسہرہ میں دنبہ چور گروہ کے خلاف پولیس کی بڑی کارروائی، 34 دنبے برآمد، ایک ملزم گرفتار، مرکزی ملزمان تاحال مفرور

مانسہرہ میں دنبہ چور گروہ کے خلاف پولیس کی بڑی کارروائی، 34 دنبے برآمد، ایک ملزم گرفتار، مرکزی ملزمان تاحال مفرور

مانسہرہ: تھانہ نواز آباد کی حدود جبڑ نوکوٹ میں دنبے چوری کرنے والے گروہ کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 34 دنبے برآمد کرلیے، جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ متاثرین نے الزام عائد کیا ہے کہ گروہ کے مرکزی ملزمان تاحال مفرور ہیں اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق متاثرین منظور حسین اور محمد ساجد نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ 10 ستمبر کو ان کی بانڈی سے رات گئے دنبے چوری ہوئے، جس کی رپورٹ تھانہ نواز آباد میں درج کرائی گئی۔

ان کے مطابق شعبہ تفتیش کے انچارج انسپکٹر شوکت حسین خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے عنبرین نامی ایک ملزم کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے چوری شدہ پانچ دنبے برآمد ہوئے۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش گرفتار ملزم نے چوری میں ملوث دیگر افراد اور کشمیر سے واپسی کے راستے کی نشاندہی کی، جس پر انسپکٹر شوکت حسین خان نے تھانہ بالاکوٹ کے ایڈیشنل ایس ایچ او زبیر خان کے ہمراہ گھنول ناکہ کے راستے پر ناکہ بندی کرکے مزید 29 دنبے برآمد کیے اور مبینہ سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرلیا۔

متاثرین کے مطابق مبینہ گروہ کے مرکزی سرغنہ ملک جان، عمر زیب اور جہانزیب تاحال مفرور ہیں اور انہیں دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہو رہے ہیں۔

منظور حسین اور محمد ساجد نے آئی جی خیبرپختونخوا پولیس، ڈی آئی جی ہزارہ، ڈی پی او مانسہرہ، ڈی ایس پی سرکل شنکیاری اور ایس ایچ او تھانہ نواز آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ نامزد مفرور ملزمان کو فوری گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کا سابقہ ریکارڈ ضلع بھر کے تھانوں سے چیک کیا جائے تاکہ ان کے مبینہ جرائم اور نیٹ ورک کے دیگر پہلو بھی سامنے آسکیں اور مزید شہریوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں