حضرت کلو بابا سرکارؒ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر، اسحاق ڈار کی شرکت

حضرت کلو بابا سرکارؒ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر، اسحاق ڈار کی شرکت

مانسر شریف، ضلع اٹک میں حضرت کلو بابا سرکارؒ کے تین روزہ سالانہ عرس کی تقریبات عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں۔ اختتامی تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان، سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان نقوی، خادم درگاہ حضرت امام بری سرکار و بابا کلو سرکار راجہ سرفراز اکرم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور بڑی تعداد میں عقیدت مند شریک ہوئے۔

اختتامی تقریب میں مولانا سید امتیاز حسین شاہ نے ملک و قوم، امت مسلمہ کی سلامتی، خوشحالی، ترقی و استحکام اور عالم اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔

عرس کی تقریبات میں معروف علمائے کرام اور مشائخ نے بھی شرکت کی، جن میں پیر سید سلطان العارفین، پیر سید شمس الرحمان، پیر سید انعام الحق شاہ، مفتی مظہر مختار درانی، محمد ظفر اقبال جلالی، مفتی محمد حنیف قریشی اور پیر عبید احمد عبید شامل تھے۔

تین روزہ عرس کے دوران ملک بھر سے آنے والے زائرین نے مزار اقدس پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ عقیدت مندوں نے ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

عرس کی خصوصی تقریبات میں روایتی نیزہ بازی کے مقابلے بھی منعقد ہوئے، جن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نیزہ بازوں میں سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان نقوی نے خصوصی انعامات تقسیم کیے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حضرت کلو بابا سرکارؒ کی دینی، روحانی اور صوفیانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اولیائے کرام کی تعلیمات محبت، امن، بھائی چارے، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں۔ ان کے مطابق ایسی روحانی محافل معاشرے میں محبت اور اخوت کے فروغ کا ذریعہ بنتی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر ملک و قوم، افواج پاکستان، امت مسلمہ، علاقے کی ترقی و خوشحالی اور تمام زائرین کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں