بحرین کے وزیر خارجہ کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

راولپنڈی: بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور پاکستان و بحرین کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور بحرین کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی قرار دیتے ہوئے دفاعی و سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بحرینی وزیر خارجہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں