راولپنڈی: تھانہ واہ کینٹ کے علاقے میں پولیس کی موجودگی میں بااثر افراد کی جانب سے خواتین اور بزرگوں پر مبینہ تشدد کی ویڈیوز سامنے آگئیں، متاثرہ خواتین پولیس سے مدد کے لیے چیختی چلاتی رہیں تاہم پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے، ویڈیوز میں پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر بااثر افراد کے ہمراہ متاثرہ خاندان کے گھر میں داخل ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق لڑائی جھگڑا اوورسیز فیملی اور ایک سابق سرکاری افسر کے درمیان گھر خالی کرانے کے معاملے پر ہوا۔ متاثرہ خاندان کے سربراہ صفدر علی کا کہنا ہے کہ انہوں نے دو سال قبل اپنا گھر ایک سرکاری افسر کو ایک سال کے معاہدے کے تحت کرائے پر دیا تھا، معاہدہ ختم ہوئے ایک سال گزر چکا ہے لیکن کرایہ دار نہ گھر خالی کر رہا ہے اور نہ ہی کرایہ ادا کر رہا ہے۔
صفدر علی کے مطابق گھر خالی کرانے کا مطالبہ کرنے پر کرایہ دار متعدد افراد کے ہمراہ گھر میں داخل ہوا، خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گھر میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ متاثرہ خاندان نے الزام عائد کیا کہ پولیس بااثر افراد کے ساتھ ملی ہوئی ہے اور ان کی داد رسی نہیں کی جا رہی۔
ایس ایچ او تھانہ واہ کینٹ کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان جھگڑا پولیس کے نوٹس میں آیا ہے، متاثرہ فریق کی درخواست گزشتہ روز وصول کرلی گئی ہے۔ دونوں فریقین کو طلب کرکے درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔