بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 33 دہشت گرد ہلاک، شابان اور نوشکی میں آپریشن جاری

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 33 دہشت گرد ہلاک، شابان اور نوشکی میں آپریشن جاری

راولپنڈی: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے دوران 21 ستمبر سے اب تک بھارتی سرپرستی میں سرگرم 33 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 24 ستمبر کو شابان میں جاری آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے مزید ٹھکانے تباہ کر دیے گئے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جس کے بعد شابان میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 22 ہوگئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، علاقے سے خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی گئی، اس دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کی ہدایت پر وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، جس کا مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں