سمیڈا اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کا نوجوانوں اور ایم ایس ایم ایز کے لیے مالی معاونت بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت نوجوانوں، اسٹارٹ اپس اور مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو مالی اور کاروباری ترقی کے مواقع تک بہتر رسائی فراہم کی جائے گی۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود خان نے شرکت کی، جبکہ سی ای او سمیڈا نادیہ جے سیٹھ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
معاہدے کے تحت دونوں ادارے اپنے وسائل، مہارت، رسائی کے نیٹ ورکس اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم تک نوجوانوں اور کاروباری افراد کی جامع اور مساوی رسائی یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
خصوصی توجہ اسٹارٹ اپس، موجودہ ایم ایس ایم ایز، انفرادی کاروباری افراد، کم سہولیات والے علاقوں اور محروم طبقات، بالخصوص خواتین کاروباری افراد کو فراہم کی جائے گی۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم کے وژن کے مطابق نوجوانوں کے لیے معاشی مواقع بڑھانے اور ملک کے ایس ایم ای سیکٹر کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سمیڈا اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کا تعاون مالی مواقع اور ممکنہ مستفید ہونے والوں کے درمیان موجود خلا کو کم کرنے، مالی خواندگی بہتر بنانے اور کاروباری ترقی کے وسائل تک رسائی میں مددگار ثابت ہوگا۔
معاہدے کے تحت سمیڈا قرض اسکیم سے متعلق آگاہی مہمات اور تربیتی پروگرامز منعقد کرے گا، جن میں اہلیت کے معیار، ضروری دستاویزات اور درخواست دینے کے طریقہ کار سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
سمیڈا درخواست گزاروں کو پری فیزیبلٹی اسٹڈیز، مالیاتی ویب بیسڈ ٹولز، بزنس پلان ٹیمپلیٹس اور تربیتی مواد سمیت کاروباری ترقی کے مختلف وسائل بھی فراہم کرے گا، جبکہ صوبائی اور علاقائی دفاتر اور ہیلپ ڈیسک کے ذریعے بھی اسکیم کو فروغ دیا جائے گا۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام سمیڈا کے تیار کردہ رہنما مواد، ویڈیو ٹیوٹوریلز، بزنس پلان ٹیمپلیٹس اور دیگر معلومات اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں تک پہنچائے گا۔
دونوں اداروں نے مسترد ہونے والی قرض درخواستوں کی وجوہات سے متعلق معلومات کے تجزیے اور ان شعبوں کی نشاندہی پر بھی اتفاق کیا ہے جہاں درخواست گزاروں کو مزید معاونت کی ضرورت ہو۔
یہ شراکت داری سمیڈا کے بزنس پلان کے تحت 92 ہزار 480 ایم ایس ایم ایز کو مالی خواندگی فراہم کرنے کے ہدف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ مالی خواندگی اور کاروباری تجاویز کے معیار میں بہتری رسمی مالیاتی ذرائع تک مؤثر رسائی کے لیے انتہائی ضروری ہے اور یہ تعاون نوجوان کاروباری افراد کو قابلِ عمل بزنس پلان تیار کرنے اور مالی مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد دے گا۔