نیشنل پریس کلب اور پنجاب گروپ آف کالجز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ممبران اور ان کے بچوں کے لیے فیس میں 25 فیصد اور داخلہ فیس میں 20 فیصد رعایت کا اعلان

نیشنل پریس کلب اور پنجاب گروپ آف کالجز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

ممبران اور ان کے بچوں کے لیے فیس میں 25 فیصد اور داخلہ فیس میں 20 فیصد رعایت کا اعلان

اسلام آباد (سٹی رپورٹر) نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور پنجاب گروپ آف کالجز کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہوگئے، جس کے تحت نیشنل پریس کلب کے ممبران اور ان کے بچوں کو پنجاب گروپ آف کالجز کے مختلف تعلیمی اداروں میں فیسوں میں 25 فیصد جبکہ داخلہ فیس میں 20 فیصد رعایت سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

مفاہمتی یادداشت پر نیشنل پریس کلب کی جانب سے صدر عبدالرزاق سیال اور سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے جبکہ پنجاب گروپ آف کالجز کی جانب سے ڈائریکٹر چوہدری محمد اکرم نے دستخط کیے۔

اس موقع پر سینئر صحافی حاجی نواز رضا، ڈاکٹر سعدیہ کمال، شکیل احمد، روحیل رحمت، قیصر مرزا، ضیغم نقوی اور دیگر بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب گروپ آف کالجز کے ڈائریکٹر چوہدری محمد اکرم نے بتایا کہ ادارے کے پنجاب اور آزاد کشمیر بھر میں 400 سے زائد کیمپسز، چار یونیورسٹیاں اور راولپنڈی اسلام آباد میں 15 برانچز موجود ہیں، جہاں اس معاہدے کے تحت نیشنل پریس کلب کے ممبران کے بچوں کو خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب گروپ آف کالجز انٹرمیڈیٹ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکنیکل اور اسکل بیسڈ پروگرامز بھی متعارف کرا رہا ہے تاکہ طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم اور ہنر فراہم کیے جا سکیں۔

چوہدری محمد اکرم نے بتایا کہ نیشنل پریس کلب کے ممبران کے بچوں کے لیے خصوصی ڈسکاؤنٹ پیکیج بھی فراہم کیا جائے گا، جبکہ میرٹ پر 80 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو اسکالرشپ کے لیے بھی زیر غور لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ میرٹ بیسڈ اسکالرشپس کے ذریعے مستحق اور ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کی موجودہ انتظامیہ نے انتخابات کے دوران ممبران کی فلاح و بہبود اور ان کے بچوں کے لیے بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا تھا، اور مختلف اسکولوں، کالجز اور تعلیمی اداروں کے ساتھ ہونے والے معاہدے اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے بہت سے بچے مختلف شہروں اور علاقوں میں زیر تعلیم ہیں، اس لیے کوشش کی جائے گی کہ پنجاب گروپ آف کالجز کے ساتھ ہونے والی یہ سہولت دیگر شہروں اور برانچز تک بھی توسیع دی جائے تاکہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے وہ ممبران بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں جن کے بچے اپنے آبائی علاقوں یا دیگر شہروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

عبدالرزاق سیال نے کہا کہ نیشنل پریس کلب پہلے ہی مختلف معروف تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر چکا ہے اور مستقبل میں بھی مزید تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدے کیے جائیں گے تاکہ ممبران اور ان کے بچوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور مالی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے پنجاب گروپ آف کالجز کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں یونیورسٹی کی سطح پر بھی نیشنل پریس کلب کے ممبران کے بچوں کے لیے خصوصی رعایت کا انتظام کیا جائے تاکہ صحافی برادری کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مزید سہولت فراہم ہو سکے۔

سیکرٹری نیشنل پریس کلب ڈاکٹر فرقان راؤ نے کہا کہ صحافی برادری کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور انہیں زیادہ سے زیادہ تعلیمی سہولیات فراہم کرنا نیشنل پریس کلب کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران ممبران سے کیے گئے وعدے بتدریج پایۂ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں اور آئندہ بھی مزید اسکولوں اور کالجز کے ساتھ معاہدے کیے جائیں گے تاکہ ممبران کے بچوں کو رعایتی فیسوں پر معیاری تعلیم کی سہولت میسر آ سکے۔

ڈاکٹر فرقان راؤ نے اس معاہدے کو عملی شکل دینے کے لیے روحیل رحمت کی کاوشوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر نیشنل پریس کلب کے عہدیداران اور پنجاب گروپ آف کالجز کی انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ اس مفاہمتی یادداشت کے نتیجے میں صحافی برادری کے بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں مالی ریلیف ملے گا اور وہ بہتر تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں