6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان پر سوار محمد حسین شہید نشانِ حیدر کے مزار پر باوقار تقریب اور فوجی پریڈ کا انعقاد

شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے

6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان پر سوار محمد حسین شہید نشانِ حیدر کے مزار پر باوقار تقریب اور فوجی پریڈ کا انعقاد

گوجرخان (نمائندہ خصوصی) یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر تحصیل گوجرخان میں نشانِ حیدر کے اعزاز سے سرفراز عظیم قومی ہیرو سوار محمد حسین شہید کے مزار پر ایک باوقار تقریب اور فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاک وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

یومِ دفاع پاکستان ملک بھر کی طرح گوجرخان میں بھی عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر سوار محمد حسین شہید کے مزار پر حاضری دینے والی شخصیات نے پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ مہمانِ خصوصی جنرل عمر مقبول، نشانِ امتیاز نے سوار محمد حسین شہید کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

قائد مسلم لیگ (ن) گوجرخان، سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق پارلیمانی سیکرٹری کابینہ ڈویژن راجہ محمد جاوید اخلاص کی جانب سے بھی شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

اس موقع پر بریگیڈیئر نعمان سعید، لیفٹیننٹ کرنل سعد وسیم، لیفٹیننٹ کرنل رضا، اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان سیدہ زینب حسین، سابق صوبائی وزیر چوہدری محمد ریاض، سینئر قانون دان راجہ محمد حمید ایڈووکیٹ، سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) راولپنڈی قاضی وقار کاظمی، سابق چیئرمین مرزا عنایت اللہ اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر سینئر رہنماؤں نے بھی مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری ضیافت گجر، ڈاکٹر محمد سعید، چوہدری خرم زمان، راجہ وقاص جاوید اخلاص، راجہ محمد عارف ڈی ایس پی ریٹائرڈ، مسعود سرور، راجہ محمد نعیم، ملک مظہر، راجہ برکت، راجہ اکرام، سابق کونسلرز راجہ شکیل اور نعمان ریاضی اعوان سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ 6 ستمبر ہمیں اتحاد، قربانی، حب الوطنی اور وطن کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا درس دیتا ہے۔ پاک فوج اور پاکستان کے بہادر جوانوں نے ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں، جنہیں قوم ہمیشہ عقیدت اور احترام کے ساتھ یاد رکھے گی۔

مقررین نے کہا کہ:

“شہادت ہے مطلوب و مقصودِ مومن،
نہ مالِ غنیمت، نہ کشور کشائی”

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے بھی فاتحہ خوانی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں