نارووال مندر سے متعلق بھارتی بیان مسترد، دفتر خارجہ نے بارش سے نقصان کی تصدیق کردی
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے نارووال کے اڈا سراج میں مندر سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹا اور سیاسی مفادات پر مبنی قرار دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان بھارتی بیان کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے دعوے کے برعکس مندر کو 21 جولائی 2026 کو طوفانی بارش کے باعث نقصان پہنچا۔
ترجمان کے مطابق مقامی انتظامیہ مندر کا سروے پہلے ہی مکمل کرچکی ہے جبکہ اس کی بحالی کے لیے اقدامات بھی شروع کردیئے گئے ہیں۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا شرمناک ہے، ایسی سستی شعبدہ بازی بھارت میں اقلیتوں کے منظم استحصال اور ان کی عبادت گاہوں پر ریاستی سرپرستی میں ہونے والے حملوں کے ناقص ریکارڈ سے توجہ نہیں ہٹا سکتی۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ دنیا ہندوتوا نظریے کو اقلیتوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیے جانے سے بخوبی آگاہ ہے، بھارتی قیادت کو مسلم، سکھ اور مسیحی برادریوں کے خلاف جاری مبینہ ظلم و ستم پر جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔