پاکستان کے سابق مایہ ناز کرکٹر محمد یوسف کی دعوت و تبلیغ کے نتیجے میں ان کے قریبی رشتہ دار کاشف مسیح کے قبولِ اسلام کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انگلینڈ میں مقیم کاشف مسیح نے پاکستان میں ایک خاندانی شادی کی تقریب کے دوران محمد یوسف کے ہاتھ پر کلمہ پڑھ کر اسلام قبول کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کاشف مسیح، محمد یوسف کے سگے چچا زاد بھائی ہیں اور انگلینڈ میں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ رہائش پذیر ہیں، جہاں وہ ایک بڑے کاروباری شخص کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ محمد یوسف کے قبولِ اسلام کے بعد دونوں کے درمیان تقریباً 20 سال تک تعلقات منقطع رہے، تاہم محمد یوسف کی کوشش تھی کہ کسی نہ کسی طرح رابطے کا راستہ برقرار رہے۔
رپورٹ کے مطابق تقریباً پانچ ماہ قبل دونوں کے درمیان دوبارہ تعلقات بحال ہوئے۔ اس دوران کاشف مسیح پاکستان آئے تو محمد یوسف نے انہیں اسلام کی دعوت دی اور مطالعے کے لیے ترجمے والا قرآنِ مجید بھی پیش کیا۔
پانچ ماہ بعد پیر کے روز کاشف مسیح اپنی اہلیہ، بھائی اور دو بیٹوں کے ہمراہ انگلینڈ سے پاکستان پہنچے، جہاں خاندان میں شادی کی تقریب کے موقع پر انہوں نے محمد یوسف کے ہاتھ پر کلمہ پڑھ کر اسلام قبول کر لیا۔
محمد یوسف نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ایمان کی دولت ملنے کو اللہ تعالیٰ کا احسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی دین کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی پہاڑی پر ایک شخص بیٹھا ہو اور اسے کلمے کی دعوت نہ ملی ہو تو وہ اسے یہ پیغام پہنچانے کے لیے گھنٹوں پیدل چلنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
محمد یوسف کی یہ جدوجہد ان کے دینی جذبے اور دعوتِ اسلام سے وابستگی کی عکاسی کرتی ہے۔