نیشنل پریس کلب اور آئی ڈی سی کے درمیان معاہدہ، ممبران، اہلخانہ اور والدین کو خصوصی رعایت
اسلام آباد: نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور اسلام آباد ڈائگناسٹک سنٹر (IDC) کے درمیان این پی سی ممبران اور اسٹاف کی فلاح و بہبود کے لیے باہمی معاہدہ طے پا گیا۔
معاہدے کے تحت نیشنل پریس کلب کے ممبران، اسٹاف ممبران، ان کے اہلخانہ اور والدین ملک بھر میں آئی ڈی سی کی 180 سے زائد برانچز پر مختلف تشخیصی و طبی ٹیسٹوں کی سہولیات خصوصی رعایتی نرخوں پر حاصل کرسکیں گے۔
رعایتی سہولت سے استفادہ کرنے کے لیے این پی سی ممبر کو اپنا نیشنل پریس کلب کارڈ یا کلب کی جانب سے جاری کردہ تصدیقی خط پیش کرنا ہوگا۔
اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال اور سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے معاہدے کو ممبران، ان کے اہلخانہ اور اسٹاف کے لیے اہم فلاحی اقدام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل پریس کلب صحافیوں اور اپنے اسٹاف کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ معروف طبی اداروں کے ساتھ ایسے معاہدوں سے صحافی برادری کو معیاری تشخیصی سہولیات تک آسان اور کم لاگت رسائی حاصل ہوگی۔
این پی سی قیادت نے اسلام آباد ڈائگناسٹک سنٹر کی جانب سے ممبران اور اسٹاف کے لیے خصوصی رعایت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون کا یہ سلسلہ مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔