گوجرخان تھانے میں شہری پر تشدد، کانسٹیبل کی ویڈیو وائرل، سی پی او کا نوٹس

گوجرخان تھانے میں شہری پر تشدد، کانسٹیبل کی ویڈیو وائرل، سی پی او کا نوٹس

راولپنڈی: تھانہ گوجرخان کے ویٹنگ روم میں شہری کے ساتھ پولیس اہلکار کی مبینہ بدسلوکی اور چہرے پر جوتے سے تشدد کی ویڈیو سامنے آنے پر سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے نوٹس لے لیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں مبینہ طور پر کانسٹیبل احتشام کو شہری فیاض ججی کے چہرے پر جوتے سے تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سینئر صحافی عاصم رانا نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کوئی شخص ملزم ہے یا مجرم، اس کا فیصلہ تفتیش کے بعد عدالت نے کرنا ہے، کسی پولیس اہلکار کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ تھانے میں مخالف فریق کو خوش کرنے یا ذاتی تسکین کے لیے شہری پر تشدد کرے اور اس کی ویڈیو بھی بنوائے۔

عاصم رانا نے سوال اٹھایا کہ کانسٹیبل کو صرف معطل کرنے کے بجائے اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں تشدد واضح طور پر نظر آرہا ہے، اس لیے ذمہ دار اہلکار کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

دوسری جانب سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے کانسٹیبل احتشام کو فوری طور پر معطل اور کلوز لائن کرنے کے ساتھ چارج شیٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

سی پی او نے ایس پی صدر کو واقعے کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

واقعے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی پولیس اہلکار کے مبینہ تشدد پر شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ذمہ دار اہلکار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں