پشاور میں مبینہ پولیس مقابلہ، تین صوبوں اور اسلام آباد کو مطلوب ڈکیت گینگ کا خاتمہ

| پشاور میں مبینہ پولیس مقابلہ، تین صوبوں اور اسلام آباد کو مطلوب ڈکیت گینگ کا خاتمہ

پشاور: مبینہ پولیس مقابلے میں چار بدنام زمانہ ڈاکو ہلاک جبکہ گینگ کے دو ارکان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں گینگ کا سرغنہ اور انتہائی مطلوب ڈکیت وقار بھی شامل ہے۔

سی سی پی او کے مطابق ڈکیت گینگ تقریباً 15 سال سے منظم جرائم میں سرگرم تھا، جبکہ اس کا نیٹ ورک خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور اسلام آباد میں متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث رہا۔

ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق گینگ کے ارکان مختلف مقدمات میں ایک درجن سے زائد مرتبہ نامزد اور گرفتار ہو چکے تھے۔

سی سی پی او کا کہنا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر سکیورٹی فورسز سے مشابہ لباس اور آلات، وائرلیس و دیگر مواصلاتی آلات، وائی فائی جیمرز اور جدید اسلحہ استعمال کرتے تھے۔

ملزمان مبینہ طور پر خود کو خفیہ اداروں یا سکیورٹی اہلکار ظاہر کرکے گھروں میں تلاشی کے بہانے داخل ہوتے اور بعد ازاں نقدی، سونا اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے۔

پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران گینگ کے چار ارکان مارے گئے جبکہ دو ملزمان فرار ہوگئے، جن کی تلاش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں