خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا عمران خان کی صحت اور صوبائی ترقیاتی منصوبوں پر اظہارِ تشویش

خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا عمران خان کی صحت اور صوبائی ترقیاتی منصوبوں پر اظہارِ تشویش

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے 57ویں صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت، عدالتی احکامات پر عملدرآمد اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف امور پر اظہارِ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کا ان کی بہن اور ذاتی ڈاکٹرز کی موجودگی میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں علاج کرانے کا حکم دیا تھا، تاہم وفاقی حکومت نے عدالتی حکم پر فراڈ کیا اور عمران خان کو رات کے اندھیرے میں جعلی طریقے سے ہسپتال لایا گیا۔

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کی صحت کے حوالے سے انتہائی تشویش میں مبتلا ہے اور عدالتوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ عمران خان کے حوالے سے جاری احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی نگرانی میں عمران خان کی صحت خراب ہوئی، جب انہیں ناحق گرفتار کیا جا رہا تھا تو وہ مکمل صحت مند اور سپر فٹ تھے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق عمران خان کو آٹھ، نو ماہ سے مسلسل قیدِ تنہائی میں رکھا گیا، پاکستان کی تاریخ میں ایسا رویہ پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا اور ان کے صحت کے مسائل بھی اسی رویے کا نتیجہ ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنا عدلیہ اور ججز کی توہین ہے، پوری قوم کی نظریں عدالتوں کی طرف ہیں اور عدالتوں نے انصاف کرنا ہے۔

خواتین کے لیے ای وی بائیکس اسکیم کا اعلان

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اجلاس میں صوبے کی خواتین کے لیے الیکٹرک بائیکس اسکیم شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ کالجز اور یونیورسٹیوں کی طالبات جبکہ ملازمت پیشہ خواتین کو خیبرپختونخوا حکومت ای وی بائیکس فراہم کرے گی۔ اسکیم کا پہلا فیز جلد شروع کیا جائے گا اور بائیکس خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ای وی بائیکس کے بعد خیبرپختونخوا حکومت ای وی رکشوں کی اسکیم بھی متعارف کرائے گی۔ الیکٹرک رکشے کلین اور گرین ماحول کے فروغ کے لیے اہم اقدام ثابت ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں الیکٹرک بسز کی اسکیم پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت

محمد سہیل آفریدی نے متعلقہ حکام کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں شامل عوامی مفاد کی تمام اسکیموں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بیوروکریٹک رکاوٹوں اور سیاسی غفلت سے بالاتر ہو کر ’’آؤٹ آف دی باکس‘‘ طریقہ کار اپنانا ہوگا۔

انہوں نے پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ رواں مالی سال صوبے کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں