شیخوپورہ: عدالتی حکم کے باوجود شہری کی درخواست پر مقدمہ درج نہ ہونے کا الزام
شیخوپورہ: سیشن کورٹ شیخوپورہ نے شہری کی چادر اور چار دیواری کے تقدس کی مبینہ پامالی کے معاملے میں اسپیشل سکیورٹی برانچ کے اہلکار عبدالسلام گجر اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
درخواست گزار کے مطابق عدالتی حکم کے باوجود تھانہ سٹی فاروق آباد کے ایس ایچ او کی جانب سے تاحال مقدمہ درج کرنے میں تاخیر کی جا رہی ہے، جس پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
شہری نے اعلیٰ پولیس حکام، آر پی او، ڈی آئی جی اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتی حکم پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے، مقدمہ درج کرکے معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور اگر الزامات ثابت ہوں تو ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق اور چادر و چار دیواری کے تقدس کا تحفظ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، اس لیے عدالتی احکامات پر بروقت عملدرآمد اور متاثرہ شہری کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔