پشاور: بیوی کے قتل میں ملوث شوہر اور اہلخانہ گرفتار، پولیس

پشاور: بیوی کے قتل میں ملوث شوہر اور اہلخانہ گرفتار، پولیس

پشاور: ہشت نگری پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے گھر کے افراد کی مبینہ ایماء پر بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے میں ملوث شوہر سمیت دیگر ملزمان کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا۔

ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان نے ڈی ایس پی ہشت نگری وارث خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزم زوہیب نے تھانہ شہید گلفت حسین کی حدود رام پورہ گیٹ میں اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔

ایس پی سٹی کے مطابق ایس ایچ او تھانہ شہید گلفت حسین سلیم خان خلیل نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

شاہد عدنان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم زوہیب نے اپنی والدہ، بھائی اور بہن کی مبینہ ایماء پر بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد نجم اقبال کی مدعیت میں مقتولہ کے شوہر اور دیگر اہلخانہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ایس پی سٹی ڈویژن کے مطابق ملزم نے ابتدائی بیان میں قتل کو غیرت کے نام پر قتل قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ اس کی اہلیہ پارٹی گرل تھی۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے مبینہ آلہ قتل اور واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی تحویل میں لے لی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں