نیشنل پریس کلب میں سالانہ محفل نعت و سیرت النبی ﷺ، بچوں کے درمیان نعت خوانی کے مقابلے
تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف تھے
اسلام آباد (سٹی رپورٹر) نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے زیر اہتمام قومی سیرت کانفرنس اور رحمت العالمین اتھارٹی کے اشتراک سے پہلی سالانہ محفل نعت و سیرت النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، مذہبی اسکالرز، معروف نعت خواں، قرا حضرات، صحافیوں اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
محفل میں نیشنل پریس کلب کے ممبران کے 15 سال سے کم عمر بچوں کے درمیان نعت خوانی کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں بچوں نے عقیدت و محبت سے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات اور اعزازات بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے دوران معروف نعت خواں اور قراء حضرات نے حمد و نعت پیش کیں، جس سے محفل کا روحانی ماحول مزید پُراثر ہوگیا۔ شرکاء نے نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، تعلیمات اور اسوۂ حسنہ کو معاشرے میں فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ ہمارے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے اور نئی نسل کو حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات، اخلاق اور کردار سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں نعت خوانی اور سیرت النبی ﷺ سے محبت کا جذبہ اجاگر کرنے والی ایسی تقریبات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب کی جانب سے محفل نعت و سیرت کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری معاشرے کی فکری اور اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے میڈیا اداروں کو بھی اسلامی اقدار، برداشت، اخوت اور باہمی احترام کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال نے کہا کہ محفل نعت و سیرت النبی ﷺ کے انعقاد کا مقصد صحافی برادری اور ان کے بچوں کو سیرتِ طیبہ سے جوڑنا اور نئی نسل میں عشقِ رسول ﷺ اور اسلامی اقدار کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب مستقبل میں بھی ایسی علمی، ادبی اور مذہبی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
سیکرٹری نیشنل پریس کلب ڈاکٹر فرقان راؤ نے کہا کہ صحافیوں کے بچوں کے درمیان نعت خوانی کے مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے، جس سے بچوں میں دینی شعور، اعتماد اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ تقریب کے اختتام پر نعت خوانی کے مقابلے میں حصہ لینے والے بچوں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔