پاکستان میں اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کے قیام کی فیزیبلٹی اسٹڈی شروع

پاکستان میں اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کے قیام کی فیزیبلٹی اسٹڈی شروع

اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پاکستان میں اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کے قیام سے متعلق فیزیبلٹی اسٹڈی کا کک آف اجلاس ہوا، جس میں اسٹڈی کے دائرہ کار، مقاصد اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ عالمی توانائی کنسلٹنسی ووڈ میک کینزی نے پاکستان میں اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کی فیزیبلٹی اسٹڈی کا ٹینڈر جیت لیا ہے۔ کمپنی کا انتخاب مسابقتی ٹینڈر کے ذریعے کیا گیا، جس کے لیے مجموعی طور پر چار بولیاں موصول ہوئی تھیں۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت توانائی کے تحفظ کو قومی سلامتی سے منسلک سمجھتے ہوئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے حالیہ بحران نے سپلائی میں ممکنہ تعطل کے خلاف ملکی بفرز اور توانائی کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت اجاگر کی ہے۔

علی پرویز ملک کے مطابق اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کی فیزیبلٹی اسٹڈی پاکستان کی ضروریات کے مطابق ایک عملی اور قابلِ عمل حل تجویز کرے گی۔ اسٹڈی میں اسٹریٹجک اسٹوریج کے لیے موجودہ انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، فنانسنگ، قانونی اور ریگولیٹری امور کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) بڑے عالمی آئل پلیئرز کے لیے عالمی معیار کی بانڈڈ اسٹوریج اسکیم کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ فیزیبلٹی اسٹڈی کی تیاری کے دوران ووڈ میک کینزی کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنائیں۔

اجلاس میں اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کی فیزیبلٹی اسٹڈی پر پیش رفت کے باقاعدہ جائزے کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں