خیبر میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، پولیس اور ایف سی کے 2 اہلکار شہید
پشاور: ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں دہشت گردوں نے جوائنٹ چیک پوسٹ زرمت خان شہید، تختہ بیگ پر مختلف اطراف سے حملہ کردیا۔
ڈی پی او خیبر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کے دوران پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار شمال شلمانی اور ایف سی اہلکار نظیر شہید ہوگئے۔
واقعے کے بعد چیک پوسٹ پر بھاری نفری پہنچ گئی اور پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، دہشت گردوں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔