شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کا 19 سال بعد پاکستان کا اہم اور پہلا دورہ مکمل ہوگیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے

شام کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا تاریخی دورہ، دوطرفہ تعلقات میں نئے باب کا آغاز

اسلام آباد: شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کا 19 سال بعد پاکستان کا اہم اور پہلا دورہ مکمل ہوگیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔

شامی خبر رساں ادارے سریا عرب نیوز ایجنسی کے مطابق شامی وزیر خارجہ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ گزشتہ بدھ اسلام آباد پہنچے، جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔

دورے کے دوران پاکستان اور شام کے درمیان سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان نے شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور مقبوضہ گولان کے معاملے پر شام کے مؤقف کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

شامی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان نے ادلب کے ابو الظہور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

ملاقاتوں میں شامی وزیر خارجہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے علاقائی کردار کو سراہا۔

پاکستان اور شام کے درمیان عوامی اور تجارتی روابط بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ دمشق یا اسلام آباد میں سرمایہ کاری فورم کے انعقاد کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورے کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے ممکنہ کردار پر بھی بات چیت ہوئی۔

شامی مشیر محمد الجفال کے مطابق یہ دورہ ایک اہم اور حساس وقت میں ہوا ہے، جب پاکستان اور شام کے تعلقات مزید تعاون کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

دمشق نے ریاض، انقرہ اور اسلام آباد کے ساتھ اپنے تعلقات کو علاقائی استحکام کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔ شامی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کو دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے بعد اعلیٰ سطح کے رابطوں کی بحالی اور باہمی تعاون کے نئے امکانات کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں