کراچی: ای چالان کے باوجود ٹریفک فورس اہلکار کی مبینہ رشوت ستانی کی ویڈیو سامنے آگئی
کراچی میں ای چالان کے جدید نظام کے باوجود مبینہ رشوت ستانی کا معاملہ سامنے آگیا۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ای چالان کے لیے تشکیل دی گئی ٹریفک فورس کے اہلکار کی مبینہ طور پر رشوت لینے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
ذرائع کے مطابق سامنے آنے والی فوٹیج میں ٹریفک فورس کا ایک اہلکار مبینہ طور پر شہری سے رقم لیتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد ای چالان کے لیے تشکیل دی گئی ٹریک فورس کے نظام اور اہلکاروں کی نگرانی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ای چالان نظام کا بنیادی مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کا شفاف اور خودکار طریقے سے تعین کرنا اور انسانی مداخلت کم کرنا ہے، تاہم اگر اس نظام سے منسلک اہلکار ہی مبینہ طور پر رشوت ستانی میں ملوث ہوں تو اس سے پورے نظام کی ساکھ متاثر ہوسکتی ہے۔
واقعے کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور اگر اہلکار پر عائد الزام درست ثابت ہو تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب اس حوالے سے ٹریفک پولیس حکام کا باضابطہ مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔