وزارتِ اطلاعات و نشریات میں اہم عہدے خالی، سیکریٹری کی تبدیلی کے ساتھ 7 کلیدی پوسٹیں بھی خالی ہوگئیں

وزارتِ اطلاعات و نشریات میں اہم عہدے خالی، سیکریٹری کی تبدیلی کے ساتھ 7 کلیدی پوسٹیں بھی خالی ہوگئیں

اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات و نشریات میں سیکریٹری اطلاعات و نشریات کی تبدیلی کے ساتھ وزارت اور اس کے ماتحت اداروں میں سات اہم عہدے بھی خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

محمد عاصم کھیچی کی 14 جولائی کو تبادلے کے بعد ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے منیجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ تاحال خالی ہے۔

رئیسہ عادل کی پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) تعیناتی کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل، ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کی پوسٹ بھی خالی ہوگئی، تاہم رئیسہ عادل اس عہدے کا اضافی چارج سنبھال رہی ہیں۔

اشفاق خلیل کی سیکریٹری اطلاعات و نشریات تعیناتی کے بعد ایڈیشنل سیکریٹری وزارتِ اطلاعات و نشریات کا عہدہ بھی خالی ہے۔

اسی طرح عادلۃ رباب کاظمی کی باکو، آذربائیجان میں تعیناتی کے بعد ڈائریکٹر، آڈٹ بیورو آف سرکولیشن (اے بی سی) کی پوسٹ بھی خالی ہوگئی۔

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے منیجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ بھی خالی ہے، جس کا اضافی چارج اس وقت سیکریٹری اطلاعات و نشریات کے پاس ہے۔

فاطمہ شیخ کی ماسکو میں تعیناتی کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس، پی ٹی وی کی پوسٹ بھی خالی ہوگئی ہے۔

وزارت کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ بھی خالی ہے، تاہم اس کا اضافی چارج ڈائریکٹر جنرل پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) سعید احمد شیخ کو دے دیا گیا ہے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات اور اس کے منسلک اداروں میں اہم انتظامی عہدوں کے خالی ہونے کے باعث امور کی انجام دہی اور فیصلہ سازی کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں، جبکہ متعدد عہدے اضافی چارج کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں