عطاء اللہ تارڑ: بانی پی ٹی آئی کے علاج کے معاملے پر پی ٹی آئی کا جھوٹا پروپیگنڈا جاری ہے
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے کے حوالے سے انتظامیہ نے معزز عدالت کے احکامات پر مکمل عمل درآمد کیا، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے اس معاملے پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کے مطابق جب مسلم لیگ (ن) اپوزیشن میں تھی تو اس وقت بھی ہمارا مؤقف واضح تھا کہ صحت کے معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ صحت کے معاملات میں سیاست کو ملوث نہ کرنے کے حوالے سے حکومت کے مؤقف میں آج بھی کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ماضی میں دوسروں کی صحت کے حوالے سے دیے گئے بیانات سب کے سامنے ہیں۔ وہ اپنے دورِ حکومت میں سیاسی مخالفین کے بارے میں طنز اور تضحیک آمیز گفتگو کرتے رہے، تاہم ہم نے کبھی کسی کی صحت کے معاملے پر توہین آمیز رویہ اختیار نہیں کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے نظرثانی اپیل میں تمام قیدیوں کے لیے یکساں سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے سوال اٹھایا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کا عدالتی حکم کے مطابق طبی معائنہ بھی کروایا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ انتظامیہ نے معزز عدالت کے احکامات کی مکمل پیروی کی ہے اور علاج معالجے کے معاملے میں عدالتی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا گیا۔