ڈیزل سستا، سندھ حکومت کا پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی کا حکم

کراچی: سندھ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا براہِ راست فائدہ مسافروں کو منتقل کیا جائے اور بسوں، منی بسوں، کوچز، وینز سمیت تمام پبلک سروس گاڑیوں کے کرایوں میں کمی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

حکام کو تمام گاڑیوں اور بس اڈوں پر نئے کرایوں کی فہرست نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ حکام روزانہ کی بنیاد پر روڈ چیکنگ اور گاڑیوں کی جانچ کریں گے۔

حکومت نے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے، روٹ پرمٹ کی معطلی یا منسوخی اور فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے سمیت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تمام متعلقہ حکام کو روزانہ کی بنیاد پر عملدرآمد رپورٹ محکمہ ٹرانسپورٹ کو جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سندھ حکومت نے واضح کیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے فیصلے پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ڈیزل کی قیمت میں کمی کے تناسب سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے حوالے سے تاحال کوئی واضح اقدام سامنے نہیں آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں