🌊 دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار، سندھ میں بہاؤ 3 لاکھ کیوسک سے تجاوز
اسلام آباد: 20 اگست 2026، صبح 6 بجے
فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن، محکمہ موسمیات پاکستان کی تازہ رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ اور دریائے چناب میں مختلف مقامات پر معمول سے زائد پانی کا بہاؤ جاری ہے، جبکہ کئی مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر سب سے زیادہ 3 لاکھ 64 ہزار 367 کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا۔ چشمہ بیراج پر 2 لاکھ 86 ہزار 150، تونسہ بیراج پر 3 لاکھ 10 ہزار 401، گڈو بیراج پر 2 لاکھ 82 ہزار 760 جبکہ سکھر بیراج پر 2 لاکھ 444 کیوسک پانی کا اخراج ریکارڈ ہوا۔
دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر 1 لاکھ 27 ہزار 584 کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا، جہاں نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
بڑے آبی ذخائر میں تربیلا ڈیم کی سطح 1,550 فٹ پر برقرار ہے، جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1,214.05 فٹ ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ رپورٹ کے مقابلے میں 0.40 فٹ زیادہ ہے۔
حکام کے مطابق فلڈ رپورٹ میں سیلاب کی درجہ بندی پانی کے اخراج (Outflow) کے مطابق کی گئی ہے۔ اعداد و شمار واپڈا اور صوبائی محکمہ آبپاشی سے موصولہ معلومات کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔