جڑواں شہروں میں چوتھے روز بھی موسلا دھار بارش، راولپنڈی ہائی الرٹ

جڑواں شہروں میں چوتھے روز بھی موسلا دھار بارش، راولپنڈی ہائی الرٹ

راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح میں چوتھے روز بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے واسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ حالیہ دنوں میں شدید بارش کے باعث نالہ لئی کی سطح میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 

واسا حکام کے مطابق نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے عملہ اور ضروری مشینری الرٹ ہے۔

حکام کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 8 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 6 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سیدپور میں 14 ملی میٹر، گولڑہ میں 34 ملی میٹر، بوکرہ میں 19 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 12 ملی میٹر، شمس آباد میں 18 ملی میٹر، کچہری میں 23 ملی میٹر، پیرودھائی میں 28 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 18 ملی میٹر جبکہ نیو کٹاریاں میں 43 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، نالہ لئی اور دیگر ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں