نیویارک میں PAC-USA کا جشن آزادی میلہ، ہزاروں پاکستانیوں کی شرکت

نیویارک میں PAC-USA کا جشن آزادی میلہ، ہزاروں پاکستانیوں کی شرکت

نیویارک (امریکہ) پاکستان کے جشن آزادی کے رنگ دنیا بھر کی طرح نیویارک میں بھی نمایاں ہوگئے، جہاں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف تنظیم PAC-USA کے زیر اہتمام شاندار جشن آزادی میلے کا انعقاد کیا گیا۔ میلے میں ہزاروں پاکستانیوں نے شرکت کی اور سبز ہلالی پرچموں، قومی ترانوں اور پاکستانی ثقافت کے رنگوں نے ماحول کو وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار کردیا۔

جشن آزادی میلے میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف تنظیموں اور خاندانوں نے بھرپور شرکت کی۔ منتظمین کے مطابق رواں برس مختلف پیچیدگیوں کے باوجود PAC-USA کی ٹیم نے باہمی تعاون، بہترین رابطہ کاری اور منظم انداز میں ایک بھرپور میلہ منعقد کیا۔

میلے کی ایک نمایاں خصوصیت عوام کے لیے مفت کھانے کا انتظام تھا۔ تقریب میں تقریباً ایک ہزار افراد کے لیے کرسیاں لگائی گئیں اور PAC-USA کی جانب سے شرکاء میں مفت کھانا تقسیم کیا گیا، جس میں کینٹکی فرائیڈ چکن کے دو پیس اور پانی کی بوتلیں شامل تھیں۔ مفت کھانے کی تقسیم بھی انتہائی منظم انداز میں کی گئی۔

اس موقع پر اے پیک، آل پاکستانی امریکن کولیشن کے چیئرمین شیخ توقیر الحق نے PAC-USA کی انتظامیہ کو کامیاب جشن آزادی میلے کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بالخصوص ہمایوں شبیر، عاصم ملک، مدیحہ مصطفیٰ، سلمان شیخ، ایاز صدیقی اور گلناز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔

شیخ توقیر الحق نے کہا کہ دیارِ غیر میں پاکستانی پرچم بلند رکھنے اور پاکستان کی ثقافت و روایات کو اجاگر کرنے میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی تنظیمیں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ نئی نسل اور تعلیم یافتہ افراد کے آگے آنے سے کمیونٹی سرگرمیوں میں مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں۔

انہوں نے PAC-USA کی جانب سے عام شرکاء کے لیے مفت کھانے کے اقدام کو بھی سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس نیکی کو قبول فرمائے۔

شیخ توقیر الحق نے کہا کہ بیرونِ ملک رہتے ہوئے پاکستان کا نام اور پرچم بلند رکھنے والے تمام پاکستانی قابلِ احترام ہیں۔ انہوں نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خوشحالی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔

پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں