اٹک: حضرت سخی سلطان صدرالدین بخاریؒ کے عرس پر ضلع میں مقامی تعطیل کا اعلان

اٹک: حضرت سخی سلطان صدرالدین بخاریؒ کے عرس پر ضلع میں مقامی تعطیل کا اعلان

ڈپٹی کمشنر اٹک مدثر احمد شاہ نے اٹک خورد میں حضرت سید سخی سلطان العارفین سلطان صدرالدین بخاریؒ کے 586ویں سالانہ عرس و میلہ کے موقع پر جمعرات 20 اگست 2026ء کو ضلع اٹک میں مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق حکومت پنجاب کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت ڈپٹی کمشنر کو سال کے دوران دو مقامی تعطیلات کے اعلان کا اختیار حاصل ہے۔ اسی اختیار کو استعمال کرتے ہوئے 20 اگست کو اٹک خورد میں منعقد ہونے والے سالانہ عرس کے موقع پر ضلع اٹک میں مقامی تعطیل کی منظوری دی گئی ہے۔

دریائے سندھ کے کنارے واقع تاریخی اٹک خورد نہ صرف اٹک قلعہ اور قدیم گزرگاہوں کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے بلکہ یہاں قائم دربارِ عالیہ حضرت سید سخی سلطان العارفین صدرالدین ہاشمؒ صدیوں سے عقیدت مندوں کی توجہ کا مرکز ہے۔

حضرت سخی سلطانؒ کا سالانہ عرس اٹک کی اہم مذہبی اور ثقافتی روایات میں شمار ہوتا ہے۔ عرس کے موقع پر ملک کے مختلف علاقوں سے ہزاروں زائرین اٹک خورد پہنچتے ہیں، جہاں دربار پر حاضری، دعاؤں، ذکر، نعت خوانی اور دیگر مذہبی و روحانی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

سالانہ عرس کے باعث اٹک خورد میں ایک بڑے روحانی و مذہبی اجتماع کا انعقاد ہوتا ہے، جبکہ مقامی سطح پر یہ تقریب علاقے کی صدیوں پرانی مذہبی اور ثقافتی روایت کا تسلسل بھی سمجھی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں