اٹک شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری

اٹک: موسلا دھار بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ
اٹک شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی و حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کے بعد شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا، تاہم شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔

ریسکیو 1122 اٹک کا عملہ بارش کے دوران ہائی الرٹ رہا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختلف حساس مقامات پر تعینات رہا۔ ریسکیو اہلکار تیز پانی کے بہاؤ، طوفانی صورتحال اور ندی نالوں کے علاقوں میں موجود رہے جبکہ شہریوں کو پانی جمع ہونے والے مقامات، ندی نالوں اور تیز بہاؤ والے پانی سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی۔

شہر کے مختلف مقامات پر ریسکیو 1122 اہلکاروں نے پانی میں پھنسے رکشوں اور موٹر سائیکل سواروں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے میں بھی مدد فراہم کی۔

دوسری جانب مسلسل بارشوں سے موسم میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ زرعی ماہرین کے مطابق بارشیں فصلوں کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔ بارش کے پانی سے چھوٹے بڑے ڈیموں میں پانی کی سطح اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

ماہرین نے زور دیا ہے کہ بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور پانی ذخیرہ کرنے کے ساتھ ساتھ اسے زیرِ زمین محفوظ بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر شہریوں کو دورانِ سفر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں