قصور: دکانداروں کی رقم ہتھیانے کے لیے ڈکیتی کی جھوٹی کال کرنے والا دودھ فروش گرفتار

قصور: دکانداروں کی رقم ہتھیانے کے لیے ڈکیتی کی جھوٹی کال کرنے والا دودھ فروش گرفتار

قصور/پتوکی تھانہ صدر قصور پولیس نے دکانداروں کی رقم ہتھیانے کے لیے 3 لاکھ 25 ہزار روپے چھینے جانے کی جھوٹی کال کرنے والے دودھ فروش کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق صدر دیوان روڈ کے رہائشی عثمان نے دولے والا کے قریب ایک راہگیر کے موبائل فون سے 15 پر 3 لاکھ 25 ہزار روپے چھینے جانے کی جھوٹی کال کی۔

ایس ایچ او تھانہ صدر قصور محمد اشفاق کی سربراہی میں پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور کالر عثمان سے پوچھ گچھ کی۔ پولیس کو شک ہونے پر ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اسے دکانداروں کی رقم ادا کرنی تھی اور رقم ہتھیانے کے لیے اس نے ڈکیتی کی جھوٹی کال کی۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے پرس اور موبائل فون کو زمین میں دبا دیا تھا۔ ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے زمین سے موبائل فون اور پرس برآمد کرلیا۔

پولیس نے ملزم عثمان کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں