غیر ملکیوں کی غیر قانونی امیگریشن کلیئرنس اور انسانی اسمگلنگ کا مبینہ نیٹ ورک بے نقاب، 3 ملزمان گرفتار
اسلام آباد: ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے غیر ملکی شہریوں کی غیر قانونی امیگریشن کلیئرنس اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مبینہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
مقدمے کے مطابق گرفتار ملزمان میں پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کا اہلکار جنید مغل اور پولیس کانسٹیبل ظفر اقبال سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اہلکار جنید مغل کی گاڑی سے 2 کروڑ روپے نقد برآمد کیے گئے، جبکہ ملزمان کے موبائل فونز سے مبینہ طور پر واٹس ایپ چیٹس اور ادائیگیوں کی رسیدیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
مقدمے کے مطابق مبینہ نیٹ ورک غیر ملکی شہریوں کو فی مسافر 80 ہزار روپے رشوت کے عوض غیر قانونی امیگریشن کلیئرنس فراہم کرتا تھا۔
ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔