CTاسلام آباد میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز
اسلام آباد پولیس نے غیر قانونی اور مبینہ طور پر مشکوک سرگرمیوں میں ملوث کال سینٹرز کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ تھانہ آئی نائن کی حدود میں پولیس نے ایک مبینہ کال سینٹر پر چھاپہ مار کر متعدد غیر ملکی باشندوں کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ دنوں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں قائم مبینہ کال سینٹر کے خلاف ہونے والی بڑی کارروائی کے بعد کی جا رہی ہے۔ اس کارروائی کے دوران ایک پلازے سے تقریباً 372 غیر ملکی باشندے گرفتار کیے گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابقہ کارروائی کے بعد اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر قائم کال سینٹرز، ان میں ہونے والی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں اور غیر ملکی باشندوں کی موجودگی سے متعلق معاملات کی مزید چھان بین کا فیصلہ کیا گیا۔
گزشتہ کارروائی کے سلسلے میں ایف آئی اے اور این سی سی آئی اے کی جانب سے دو مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق آئی نائن کے علاقے میں تازہ کارروائی اسی کریک ڈاؤن کا حصہ ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم مشکوک اور غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید بڑھایا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کال سینٹرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔