حکومت کیش لیس معیشت کے قیام کیلئے ٹیکنالوجی اور مالی خدمات کے انضمام پر یقین رکھتی ہے، عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت مالی شمولیت کے فروغ، شفافیت کو یقینی بنانے اور کیش لیس معیشت کے قیام کے لئے ٹیکنالوجی اور مالیاتی خدمات کے انضمام پر یقین رکھتی ہے، حکومت کا وژن شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی آسان، قابل رسائی اور مربوط مالیاتی خدمات کی فراہمی ہے، زندگی، زونگ اور جے ایس بینک کا زیڈ والٹ اقدام اسی وژن کے تحت مالی شمولیت کو عام شہریوں تک وسعت دینے اور ٹیلی کام، ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ بینکنگ کو یکجا کرنے کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں ”زندگی، زونگ اور جے ایس بینک“ کے باہمی اشتراک سے ”زیڈ والٹ“ کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے ٹیلی کام کمپنی زونگ کو مختلف شعبوں کے درمیان اشتراک اور باہمی تعاون کی عمدہ مثال قائم کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مالی شمولیت کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کیش لیس معیشت کے فروغ کے لئے نہ صرف اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی ہے بلکہ ٹیکنالوجی کے انضمام اور کیش لیس معیشت کی جانب پیش رفت کے عمل کی خود قیادت کر رہے ہیں تاکہ شفافیت اور مالی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس کمیٹی کی صدارت خود اس لئے سنبھالی کہ وہ ٹیکنالوجی پر یقین رکھتے ہیں اور ان کا وژن ہے کہ شہریوں کو فراہم کی جانے والی مالیاتی خدمات جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور ٹیکنالوجی پر مبنی ہونی چاہئیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے دور میں پہلا آئی ٹی بورڈ قائم کیا جسے آج پنجاب آئی ٹی بورڈ کے نام سے جانا جاتا ہے اور یہ ٹیکنالوجی پر مبنی سرکاری شعبے کا پہلا ادارہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب ویڈیو کانفرنسنگ کی سہولت عام نہیں تھی، ہم سب کورونا کے دنوں میں زوم ایپلی کیشن سے متعارف ہوئے، اس وقت شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب سرکاری شعبے میں پہلی ویڈیو کانفرنسنگ سروس متعارف کرائی تاکہ بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور ملتان سمیت پنجاب کے دور دراز علاقوں میں تعینات افسران کو اجلاسوں میں شرکت کے لئے لاہور کا طویل سفر نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے ٹیکنالوجی کا فروغ، شمولیت اور کارکردگی میں اضافے کا سفر شروع ہوا تاہم ٹیکنالوجی کے فروغ کا یہ عمل صرف ان اقدامات تک محدود نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا فلیگ شپ منصوبہ متعارف کرایا گیا تو اس پر بھی بہت تنقید ہوئی لیکن کورونا وباء کے دوران ملکی معیشت کے استحکام میں اسی ٹیکنالوجی نے اہم کردار ادا کیا، بڑی تعداد میں لوگوں نے گھروں سے کام کیا جبکہ طلبہ نے آن لائن تعلیم حاصل کی، اس تناظر میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے موجودہ دور میں ایسے اقدامات نہایت خوش آئند ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان زیڈ والٹ اقدام کی مکمل حمایت کرتی ہے، ٹیکنالوجی اور مالی شمولیت کو یکجا کرتے ہوئے شہریوں کے لئے مالیاتی خدمات تک رسائی اور اس عمل میں شمولیت کو آسان بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہترین اقدام اور شاندار شراکت داری ہے۔ انہوں نے وزیراعظم اور حکومت پاکستان کی جانب سے یقین دلایا کہ جہاں بھی ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور مختلف صنعتوں کے اشتراک کے ذریعے مالی شمولیت کو فروغ دینے کی کوشش ہوگی، حکومت پاکستان ان اقدامات کی بھرپور حمایت کرے گی۔ انہوں نے زندگی، زونگ اور جے ایس بینک کے درمیان اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیڈ والٹ کا آغاز مالی شمولیت کے فروغ اور شہریوں کے لئے مالیاتی خدمات کو آسان بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنریشن زی کے موجودہ دور کے تناظر میں زیڈ والٹ ایک موزوں نام ہے جو اس اقدام کی نوعیت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کیش لیس معیشت کے حوالے سے’’زیڈ والٹ‘‘ کے اقدام کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ دیگر ادارے اور شعبے بھی اس مثال کی پیروی کر سکیں۔ انہوں نے زندگی، زونگ اور جے ایس بینک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے مل کر مالی شمولیت کو حقیقت بنانے، عام شہریوں کی زندگی آسان بنانے اور انٹرنیٹ بینکنگ، رابطے اور ٹیکنالوجی کو یکجا کرنے کر کے صارفین کے لئے مالیاتی خدمات کے استعمال کو مزید آسان اور سہل بنانے کی جانب اہم قدم اٹھایا ہے۔