کہوٹہ: محبت کے معاملے پر دل برداشتہ نوجوان نے مبینہ طور پر محبوبہ کے سامنے خود کو گولی مار لی
کہوٹہ کے علاقے ٹنگی ڈیم کے قریب محبت کے معاملے پر دل برداشتہ نوجوان نے مبینہ طور پر اپنی محبوبہ کے سامنے خود کو گولی مار لی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق عبدالرحمان ولد محمد ظہیر، سکنہ جاوا ہوتھلہ، موٹر سائیکل پر ٹنگی ڈیم کے قریب پہنچا اور ایک رکشہ روک کر لڑکی کو نیچے اتارا۔ دونوں کے درمیان مبینہ طور پر کسی بات پر اختلاف ہوا، جس پر نوجوان نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنے سینے میں گولی مار لی۔
گولی لگنے سے عبدالرحمان شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹرز (ٹی ایچ کیو) ہسپتال کہوٹہ منتقل کیا گیا۔ تشویشناک حالت کے باعث ڈاکٹروں نے اسے راولپنڈی ریفر کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر محبوبہ کی جانب سے کسی بات پر اختلاف نوجوان برداشت نہ کرسکا اور جذباتی کیفیت میں اس نے خود کو گولی مار لی۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے حقائق جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔