کوٹ ادو: مظفرگڑھ کینال میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ ڈوبنے کا سانحہ، 15 افراد جاں بحق
کوٹ ادو کے علاقے سنانواں کے قریب مظفرگڑھ کینال میں باراتیوں سے بھرا لوڈر رکشہ ڈوبنے کے افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام 15 افراد کی لاشیں برآمد کر کے شناخت مکمل کرلی گئی ہے۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم کی سربراہی میں گزشتہ آٹھ روز سے مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھا۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سونار ٹیکنالوجی، اسکوبا ڈائیونگ، بوٹ سرچ اور لائن سرچ سمیت مختلف طریقے استعمال کیے گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آخری لاپتہ بچے کی لاش بھی برآمد ہونے کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے، جبکہ تمام لاپتہ افراد کی تلاش مکمل کرلی گئی ہے۔
جاں بحق افراد میں 14 سالہ دلاور ولد عبدالرشید، 58 سالہ سکینہ بی بی زوجہ اللہ دتہ، 15 سالہ سمیرا بی بی دختر محمد شفیق، محمد صائم ولد محمد اقبال، 7 سالہ محمد ثبتین ولد مشرف، 9 سالہ راجو ولد محمد اقبال، 11 سالہ ظریف ولد وزیر احمد، 35 سالہ اقبال بی بی زوجہ فدا حسین، 13 سالہ کلیم اللہ ولد بشیر احمد، 12 سالہ محمد جلال ولد محمد اقبال، 5 سالہ محمد علی ولد محمد شفیق، 12 سالہ محمد عثمان ولد غلام فرید، 7 سالہ منیب ولد راشد، 9 سالہ شاکر ولد عاشق حسین اور 12 سالہ یاسر ولد فدا حسین شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیموں کی جانب سے آٹھ روز تک جاری رہنے والے مسلسل سرچ آپریشن کے اختتام پر تمام لاپتہ افراد کی تلاش مکمل کرلی گئی ہے، جس کے بعد حادثے کے متاثرہ خاندانوں کو اپنے پیاروں کی لاشیں حوالے کرنے کا عمل مکمل کیا گیا۔