پشاور: چمکنی میں پولیس اہلکار فائرنگ سے جاں بحق، ڈرائیور زخمی
پشاور کے علاقے چمکنی میں گزشتہ رات فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ اس کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ چمکنی میں درج کرلیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتول پولیس اہلکار ڈرائیور کے ہمراہ ضلع مہمند سے پشاور کی پھندو سبزی منڈی جا رہا تھا کہ راستے میں ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مستورات کے تنازع پر پیش آیا۔ واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے کارروائی کی جا رہی ہے۔