بنوں میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا خطاب، 27 ستمبر لانگ مارچ کی تیاریوں کے لیے کارکنوں کو متحرک ہونے کی ہدایت

بنوں میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا خطاب، 27 ستمبر لانگ مارچ کی تیاریوں کے لیے کارکنوں کو متحرک ہونے کی ہدایت

بنوں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی ایک روزہ دورے پر بنوں پہنچ گئے، جہاں مقامی قیادت اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے 27 ستمبر لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں اسٹریٹ موومنٹ ریلی کی قیادت کی۔ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر خان اور دیگر رہنما بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے شاندار استقبال پر بنوں کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 27 ستمبر کے مارچ کے لیے بہترین تیاری کرنا ہوگی، اس بار ملک و قوم کی تقدیر اور تاریخ دونوں بدل دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 2022 تک خیبرپختونخوا میں امن تھا، اس کے بعد کے حالات سب کے سامنے ہیں۔ ان کے بقول امن کی تباہی کے ذمہ دار موجودہ حکومت اور اسے اقتدار میں لانے والے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا گزشتہ دو دہائیوں سے تجربہ گاہ بنا ہوا ہے اور یہاں کے عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے اور عوام کے خلاف ہونے والے ہر فیصلے کی مخالفت کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے امن کے قیام کے لیے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں، تاہم بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں نے امن کو تباہ کیا۔

انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس امن کی بحالی اور عوام کے تحفظ کے لیے سینہ سپر ہے۔ صوبائی حکومت پولیس فورس کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے، جبکہ شعبہ پولیس کے لیے 191 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

سہیل آفریدی کے مطابق پولیس انفراسٹرکچر کی ترقی، جدید آلات کی فراہمی اور اہلکاروں کی تربیت پر بھی اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے اور امن کی بحالی کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس شخصیت نے امن قائم کیا اور قوم کی عزت نفس بحال کی، وہ عمران احمد خان نیازی ہیں۔ ان کے بقول عمران خان قوم کے مستقبل کے لیے ناحق قید کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنے لیڈر کی رہائی کے لیے نکلیں گے اور میں خود اس جدوجہد کی قیادت کروں گا، کیونکہ عمران خان ہمارے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد میں عدلیہ اور میڈیا کی آزادی بھی بحال کرنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی حق اور سچ بولتا ہے، اسے ارشد شریف کی طرح خاموش کرانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے حق اور سچ بولنے والے تمام صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ نے کارکنوں اور عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے مستقبل کے لیے جرات کا مظاہرہ کریں اور باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ جو جتنا بڑا ظالم ہوتا ہے، اتنا ہی بزدل ہوتا ہے۔

انہوں نے بنوں کے عوام سے اپیل کی کہ 27 ستمبر کے مارچ کے لیے بھرپور اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار عوام کی تاریخ اور تقدیر بدلنے والی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں