راولپنڈی مال روڈ فائرنگ، پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی، عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولپنڈی مال روڈ پر فائرنگ کے واقعے پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کی سیاست اور اسلحے سے لیس ہو کر احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا، مسلح ہو کر دن دیہاڑے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ قابلِ مذمت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کی بھی کال دی ہے، ان کے تمام احتجاج ریکارڈ پر ہیں کہ وہ ہمیشہ اسلحے سے لیس ہو کر آئے۔ پی ٹی آئی نے اپنے احتجاجوں میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو شہید کیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی، ان کا کوئی ایک احتجاج بھی پرامن نہیں ہوا۔ آج کے واقعے سے بہت سی چیزیں دنیا کے سامنے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن سے پی ٹی آئی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئے ہیں۔ یہ لوگ ملک میں انارکی پھیلانا اور امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی ترقی پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہو رہی، یہ ہر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کر دیتے ہیں۔ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے پیچھے مذموم مقاصد ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ تشدد پی ٹی آئی کا نظریہ ہے، انہوں نے ہمیشہ تشدد کی سیاست کی ہے۔ یہ امن و امان کو تباہ کرکے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت ملکی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے، ان شاء اللہ پاکستان ترقی کرتا رہے گا۔ پاکستان اور پاکستانی عوام کو ہر محاذ پر فتح ہوگی جبکہ دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔