ہارون اختر وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر، وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہوگا

ہارون اختر وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر، وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہوگا

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے ہارون اختر خان کو وزیراعظم کا مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کر دیا ہے، انہیں وفاقی وزیر کا درجہ بھی حاصل ہوگا۔ کابینہ ڈویژن نے ہارون اختر کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہارون اختر کی تقرری صدرِ مملکت کی جانب سے کی گئی ہے اور وہ فوری طور پر وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

ہارون اختر خان کو کاروبار، صنعت، معاشیات اور عوامی شعبے میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ دو مرتبہ سینیٹر اور دو مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کینیڈا کی یونیورسٹی آف مینی ٹوبا سے ایکچوریل سائنس اور بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی۔ وہ سوسائٹی آف ایکچوریز امریکہ اور کینیڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایکچوریز کے فیلو بھی ہیں۔

ہارون اختر نے پاکستان واپسی سے قبل امریکہ اور کینیڈا میں کارپوریٹ گورننس، معاشیات، منصوبہ بندی و پیش گوئی، ماڈلنگ اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں خدمات انجام دیں۔

وہ 2015 سے 2018 تک معاون خصوصی برائے محصولات کے عہدے پر بھی فائز رہے، جہاں انہیں وفاقی وزیر کا درجہ حاصل تھا۔ اس سے قبل 2006 سے 2012 تک سینیٹر کی حیثیت سے مختلف قائمہ کمیٹیوں میں بطور رکن خدمات انجام دیتے رہے۔

حکومت کے مطابق کاروباری برادری اور صنعتی رہنماؤں کے ساتھ تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط روابط کے باعث ہارون اختر کو صنعت، سرمایہ کاری اور کاروباری شعبے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور ریگولیٹرز کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور صنعتی شراکت داری کے فروغ کے لیے بھی کردار ادا کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں