مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی تعاون مزید مضبوط
مکہ مکرمہ: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مکرمہ میں منعقدہ مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس کے دوران تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کردیئے۔
معاہدے پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب ایردوان اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے دستخط کیے۔ معاہدے کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، باہمی اعتماد اور مشترکہ سلامتی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
معاہدے کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف مسلح جارحیت کو تینوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا اور ممکنہ خطرات کے مقابلے میں مشترکہ دفاعی صلاحیت کو فروغ دیا جائے گا۔ معاہدے میں خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ میں معاہدے کے موقع پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے رہنماؤں نے نمازِ جمعہ بھی ادا کی۔ نمازِ جمعہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم شہباز شریف، ترک صدر رجب طیب ایردوان اور پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی مدینہ منورہ آمد، مسجد نبوی ﷺ میں حاضری
دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے دورے کے دوران مدینہ منورہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے پاکستانی وفد کے ہمراہ مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دی۔
وزیراعظم نے ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اور ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے روضۂ رسول ﷺ پر حاضری بھی دی اور زیارتِ خاص کی سعادت حاصل کی۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔



