کشمیر: حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات میں اہم پیش رفت، متعدد نکات پر اتفاق
کشمیر میں حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان جاری مذاکرات میں مجموعی طور پر مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے، جبکہ متعدد اہم نکات پر دونوں فریقوں کے درمیان اتفاقِ رائے ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اموات، زخمیوں، گرفتار افراد، مبینہ لاپتا افراد کی لاشوں کی حوالگی، ایف آئی آرز اور دیگر مقدمات سے متعلق امور پر اتفاق کے بعد اگلے مرحلے پر کام جاری ہے۔
تاہم عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خاتمے اور دفعہ 302 کے تحت درج مقدمات سمیت بعض حساس قانونی معاملات پر حتمی اتفاق رائے تاحال نہیں ہو سکا، جس کے باعث باضابطہ معاہدہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں مذاکرات کی صورتحال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما عمر نذیر کشمیری نے دریک عیدگاہ میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور جن تین نکات پر ڈیڈ لاک تھا، وہ بھی کافی حد تک ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک معاملات تحریری طور پر طے نہیں ہوئے، اگر کسی نے معاہدے سے انحراف یا دھوکہ دینے کی کوشش کی تو فوری طور پر لانگ مارچ کی کال دی جائے گی۔ عمر نذیر کشمیری نے کہا کہ چند گھنٹوں میں صورتحال واضح ہو جائے گی اور عوام ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار رہیں۔