برسلز(پ۔ر)
کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہاہے کہ معرکہ حق ’’بنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے اور کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں ایک نیا ولولہ پیدا ہوا ہے۔
کشمیرکونسل ای یو کی جانب سے چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا شاہ کے اعزاز میں برسلز میں ایک پروقار استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں یورپ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں چوہدری خالد جوشی، فرید خان، راجہ محمد خالد، شیراز بٹ، اکرم منہاس، میاں طارق جاوید، ملک محمد اجمل، غیاث الدین کھوکھر اور راحیل خالد، پیر بلال چشتی اور پیرسید حسنات بخاری، چوہدری عمران ثاقب، سید زاہد حسین شاہ، سید ناصر حسین شاہ سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ سفارت خانہ پاکستان برسلز کی نمائندگی قونصلر اسد عباس اعوان اور پریس قونصلر صغیراحمد وٹو اور منسٹر کسٹمز سید اسد رضا رضوی نے کی۔
علی رضا سید نے کہاکہ اس وقت عالمی سفارتکاری میں بھی پاکستان نے ایک نمایاں اور ممتاز مقام حاصل کرلیا ہے اور اس سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کو بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
اپنے خطاب میں چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا شاہ نے مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے کے لیے کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید اور انکی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان کے حالات کے بارے میں کہا کہ “معرکۂ حق” کے بعد اب پاکستان میں “معرکۂ تعمیر و ترقی” کا آغاز ہونے جا رہا ہے اور اوورسیز پاکستانی اس جدوجہد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ سید قمررضا شاہ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا حقیقی اثاثہ ہیں جنہوں نے رواں مالی سال میں 38 ارب ڈالر سے زائد ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سطح پر عزت و وقار حاصل کیا ہے اور آج دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
دیگر مقررین نے چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا شاہ کی اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں