پشاور کے قبرستانوں پر قبضے ختم کرنے کے لیے اگلے ہفتے سے بھرپور آپریشن کا فیصلہ، قابضین کو 24 گھنٹے کی مہلت دی جائے گی
پشاور میں قبرستانوں کی اراضی پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف اگلے ہفتے سے بھرپور آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے شہر کے تمام بڑے قبرستانوں سے تجاوزات ختم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
کمشنر پشاور نے بیری باغ، آخون آباد سمیت شہر کے تمام بڑے قبرستانوں کی ڈیمارکیشن مکمل کرنے، حدود کی نشاندہی اور تجاوزات پر نشانات لگانے کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تجاوزات کی نشاندہی کے بعد قابضین کو ازخود غیر قانونی تعمیرات اور قبضے ختم کرنے کے لیے 24 گھنٹے کی مہلت دی جائے گی، جبکہ مہلت ختم ہونے پر انتظامیہ فوری آپریشن شروع کرے گی۔
قبرستانوں کی ڈیمارکیشن اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کا کہنا ہے کہ قبرستانوں کی اراضی کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی اور قبرستانوں میں قائم تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔