اسلام آباد میں وی وی آئی پی موومنٹ ہو یا امن و امان کی صورتحال: سی ٹی او کائنات اظہر خان شہر میں ٹریفک کی روانی کے لیے متحرک
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کو جدید اور بااعتماد سفری سہولیات کی فراہمی اور سڑکوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کے لیے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کائنات اظہر خان سرگرمِ عمل ہیں۔
اسلام آباد کی حساس اور اہم حیثیت کے باعث یہاں آئے روز سیاسی جلسے، جلوس، احتجاجی مظاہرے اور وی وی آئی پی (VVIP) موومنٹس ہوتی رہتی ہیں۔ ان تمام صورتحال میں عام شہریوں کو مشکلات سے بچانے اور ٹریفک کے نظام کو درہم برہم ہونے سے روکنے کے لیے کائنات اظہر خان کی قیادت میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے بروقت ٹریفک ایڈوائزری اور متبادل راستوں کے پلان جاری کیے جا رہے ہیں۔
کائنات اظہر خان کی بحیثیت سی ٹی او تعیناتی کے بعد اسلام آباد ٹریفک پولیس کے کارکردگی اور شعبہ جات میں واضح اور مثبت تبدیلیاں نظر آئی ہیں۔ انہوں نے نجی و عوامی ٹرانسپورٹ کو نظم و ضبط کا پابند بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سڑکوں پر نگران عملے کی موثر موجودگی کے حوالے سے اہم اقدامات کیے ہیں۔
سی ٹی او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ پولیس کا بنیادی مقصد شہریوں کے سفر کو محفوظ اور آسان بنانا ہے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے نظام میں مزید جدت اور بہتری لانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وفاقی دارالحکومت کو ٹریفک کے حوالے سے ایک ماڈل شہر بنایا جا سکے۔