نیو کراچی میں رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، مبینہ بھتہ خور گروہ کے 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
کراچی: پاکستان رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر نیو کراچی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ بھتہ خور گروہ کے دو ملزمان کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد کاشف گجراتی اور یاسر عرف درویش کے نام سے ہوئی ہے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔
پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق مبینہ طور پر عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروپ سے ہے، جو ضلع وسطی کراچی اور ملحقہ علاقوں میں کاروباری افراد اور بلڈرز کو بھتے کے لیے دھمکی آمیز کالز کرنے اور رقم نہ دینے پر فائرنگ کے واقعات میں ملوث ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کاشف گجراتی مبینہ طور پر پیشہ ور مجرم ہے اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی کے قریبی ساتھی صادق عرف امر تمر سے بھی قریبی تعلق رکھتا ہے۔ ملزم بھتہ وصولی کے علاوہ اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث بتایا جاتا ہے۔ وہ 2023 سے مبینہ طور پر گروہ کے لیے ریکی کرنے اور بھتہ نہ دینے والوں پر فائرنگ کی کارروائیوں میں حصہ لیتا رہا ہے۔
رینجرز کے مطابق ملزم کاشف گجراتی نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اپریل 2026 میں ناظم آباد میں واقع جے رینٹ اے کار پر بھتہ نہ دینے کے باعث خوف و ہراس پھیلانے کے لیے فائرنگ کے واقعے میں شریک تھا۔
ترجمان کے مطابق اگست 2026 میں گرفتار ملزمان نے نیو کراچی میں گو جابا سویٹس اور کھتری بریانی کی ریکی کرکے ویڈیوز عبدالصمد کاٹھیاواڑی کو بھیجی تھیں، جس کے بعد مبینہ طور پر بھتہ نہ دینے پر ان مقامات پر فائرنگ کی گئی۔
رینجرز کے مطابق دوسرا گرفتار ملزم یاسر عرف درویش بھی 2020 سے مذکورہ گروہ کے ساتھ اسٹریٹ کرائم اور بھتہ وصولی کی کارروائیوں میں ملوث بتایا جاتا ہے۔ ملزم نے مبینہ طور پر عبدالصمد کاٹھیاواڑی سے براہ راست رابطے میں ہونے اور متعدد کاروباری افراد کی تفصیلات فراہم کرنے کا انکشاف بھی کیا، جن سے بھتہ وصول کیا گیا۔